چناری (ڈیلی پرل ویو): پاکستان تحریک انصاف ضلع جہلم ویلی کے زیر اہتمام مرکزی نائب صدر پی ٹی آئی و امیدوار اسمبلی سید ذیشان حیدر کی قیادت میں احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ مظاہرین نے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی فوری رہائی، ان کی بگڑتی ہوئی صحت کے پیش نظر فوری اسپتال منتقلی، ممبر قانون ساز اسمبلی غلام محی الدین دیوان کی گرفتاری اور ملک بھر میں بڑھتی ہوئی مہنگائی و پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے خلاف شدید احتجاج کیا۔
مظاہرے میں آصف اقبال مغل، عامر روشن اعوان، حمزہ میر، عتیق احمد شیخ سمیت کارکنوں کی بڑی تعداد شریک ہوئی۔ شرکاء نے ہاتھوں میں پلے کارڈز اور بینرز اٹھا رکھے تھے جن پر عمران خان کی رہائی، مہنگائی کے خاتمے اور سیاسی انتقام کے خلاف نعرے درج تھے۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے سید ذیشان حیدر نے کہا کہ عمران خان اور بشریٰ بی بی کی گرفتاری سیاسی انتقام اور بنیادی انسانی حقوق کی خلاف ورزی ہے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کی صحت کے حوالے سے پوری قوم تشویش میں مبتلا ہے، لہٰذا حکومت اور عدلیہ فوری طور پر انہیں مناسب طبی سہولیات فراہم کرے۔
انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت نے مہنگائی کا بدترین طوفان برپا کر رکھا ہے جبکہ پٹرول، بجلی، گیس اور اشیائے خوردونوش کی قیمتوں میں اضافے نے غریب اور متوسط طبقے کی مشکلات میں بے پناہ اضافہ کر دیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت عوام کو ریلیف دینے کے بجائے سیاسی مخالفین کے خلاف کارروائیوں میں مصروف ہے۔
سید ذیشان حیدر نے غلام محی الدین دیوان کی گرفتاری کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ انہیں غیر قانونی انداز میں گرفتار کیا گیا جو سیاسی انتقام اور آئینی حقوق کی خلاف ورزی ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ غلام محی الدین دیوان کو فوری طور پر رہا کیا جائے اور سیاسی کارکنوں کے خلاف جاری کریک ڈاؤن بند کیا جائے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف عوامی حقوق، جمہوریت اور قانون کی بالادستی کیلئے اپنی جدوجہد جاری رکھے گی جبکہ عوام ظلم، ناانصافی، مہنگائی اور سیاسی انتقام کے خلاف ہر سطح پر آواز بلند کرتے رہیں گے۔