کراچی ( ڈیلی پرل ویو )خطرناک ہیٹ ویو کا الرٹ جاری ، پارہ 50 ڈگری تک جانے کا خدشہ، محکمۂ موسمیات نے خبردار کر دیا ۔
تفصیلات کے مطابق محکمۂ موسمیات نے سندھ بھر میں شدید گرمی کی لہر کے حوالے سے الرٹ جاری کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ 25 مئی سے بالائی فضاء میں ہائی پریشر سسٹم بننے کے باعث صوبے کے بیشتر اضلاع شدید ہیٹ ویو کی لپیٹ میں آ سکتے ہیں۔
محکمۂ موسمیات کے مطابق 25 سے 31 مئی کے دوران سندھ کے مختلف علاقوں میں درجۂ حرارت معمول سے 4 سے 6 ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ رہنے کا امکان ہے، جبکہ بعض شہروں میں پارہ 50 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ سکتا ہے۔ سکھر، شکار پور، جیکب آباد، لاڑکانہ اور دادو میں درجۂ حرارت 47 سے 50 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کی پیشگوئی کی گئی ہے۔اسی طرح شہید بینظیر آباد، خیر پور، گھوٹکی اور نوشہرو فیروز میں بھی شدید گرمی کی لہر متوقع ہے، جبکہ حیدر آباد، بدین، تھر پارکر، عمر کوٹ اور میر پور خاص میں پارہ 44 سے 47 ڈگری سینٹی گریڈ تک رہنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔