1

فوڈ اتھارٹی مظفرآباد کی تعلیمی اداروں میں صاف پینے کے پانی کی فراہمی یقینی بنانے کیلئے خصوصی معائنہ مہم

مظفرآباد(ڈیلی پرل ویو)بچے کسی بھی قوم کا سب سے قیمتی سرمایہ اور روشن مستقبل کی ضمانت ہوتے ہیں۔ ان کی بہتر صحت، محفوظ ماحول اور معیاری سہولیات کی فراہمی ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ صاف اور محفوظ پینے کا پانی بچوں کی جسمانی و ذہنی نشوونما کے لیے بنیادی ضرورت ہے، جبکہ آلودہ پانی مختلف بیماریوں کا سبب بن سکتا ہے۔ اسی مقصد کے تحت فوڈ اتھارٹی مظفرآباد نے تعلیمی اداروں میں طلبہ و طالبات کو صاف اور محفوظ پینے کے پانی کی فراہمی یقینی بنانے کیلئے خصوصی معائنہ مہم کا آغاز کیا ہے۔فوڈ اتھارٹی مظفرآباد کی ٹیم نے شہر کے مختلف سرکاری و نجی تعلیمی اداروں کا دورہ کرتے ہوئے واٹر فلٹریشن پلانٹس، واٹر کولرز اور پانی ذخیرہ کرنے کے انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا۔ معائنے کے دوران متعدد تعلیمی اداروں میں واٹر فلٹریشن پلانٹس غیر فعال پائے گئے جبکہ بعض اداروں میں فلٹریشن سسٹم سرے سے موجود ہی نہیں تھا۔فوڈ اتھارٹی ٹیم نے پانی کی فراہمی کے نظام، فلٹریشن سسٹمز کی فعالیت، صفائی و ستھرائی کے انتظامات اور واٹر کنٹینرز کی حالت کا جائزہ لیتے ہوئے طلبہ کی صحت کے تحفظ سے متعلق جاری کردہ ہدایات پر عملدرآمد کا بھی تفصیلی مشاہدہ کیا۔معائنے کے دوران غیر فعال فلٹریشن پلانٹس اور مطلوبہ انتظامات کی عدم موجودگی پر متعلقہ اداروں کے ذمہ داران کو نوٹسز جاری کرتے ہوئے ایک ہفتے کے اندر فلٹریشن سسٹمز کو فعال بنانے اور طلبہ کو صاف پینے کے پانی کی فراہمی یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی۔ فوڈ اتھارٹی حکام نے واضح کیا کہ تعلیمی اداروں میں زیرِ تعلیم بچوں کو محفوظ اور معیاری پینے کے پانی کی فراہمی ادارہ جاتی ذمہ داری ہے۔فوڈ اتھارٹی کے مطابق تعلیمی اداروں میں بچوں کی صحت و فلاح کے پیش نظر پیور فوڈ ریگولیشنز کے مطابق صاف پانی اور محفوظ خوراک کی فراہمی ناگزیر ہے۔ اداروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ واٹر فلٹریشن پلانٹس کی بروقت مرمت، فلٹرز کی تبدیلی، باقاعدہ صفائی اور دیکھ بھال کو یقینی بنایا جائے تاکہ پانی سے پھیلنے والی بیماریوں کی روک تھام ممکن بنائی جا سکے۔ڈسٹرکٹ فوڈ کنٹرولر مظفرآباد ابرار احمد میر نے مزید کہا کہ مقررہ مدت کے بعد دوبارہ معائنہ کیا جائے گا انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ بچوں کو صاف، محفوظ اور معیاری پینے کے پانی کی فراہمی یقینی بنانے کیلئے فوڈ اتھارٹی اپنی نگرانی اور اصلاحی اقدامات کا سلسلہ جاری رکھے گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں